20 جولائی ، 2020
کراچی میں گرمی میں اضافہ ہوتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہری بے حال ہیں اور حکومت سے سوال کرتے ہیں کے آخر ملک کا بڑا شہر بجلی سے کیوں محروم ہے؟
ذرائع کے مطابق شہر میں بجلی کی مجموعی طلب صرف 2500 میگا واٹ اور رسد 1900 میگا واٹ ہے، نجی پاور پلانٹس سے 300 جب کہ نیشنل گرڈ سے 700 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے اور اس طرح شہر میں بجلی کی طلب و رسد میں 600 میگاواٹ کا فرق موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شارٹ فال شہر میں دن اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کر کے پورا کیا جا رہا ہے، لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں 8 سے 9 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے جب کہ مستثنیٰ علاقوں میں تین سے چار گھنٹوں کے لیے بجلی بند کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بارش کے بعد بجلی کی ترسیل میں ہونے والی فنی خرابیاں تاحال برقرار ہیں جب کہ شہر میں گرمی کی شدت میں کمی کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی واضح کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود متعدد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔