Time 20 جولائی ، 2020
پاکستان

کورونا کے حوالے سے سب سے بہتر اقدامات گلگت بلتستان نےکیے، سروے رپورٹ

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے سروے میں انکشاف  ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو قابو کرنے کے لیے سب سے بہتر اقدامات گلگت بلتستان کی حکومت نے کیے ہیں۔

ایچ آر سی پی کی جانب سے ایک سروے کے دوران گلگت بلتستان کے 80 فیصد افراد نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کورونا کے حوالے سے مناسب اقدامات پر آزاد جموں و کشمیر کی حکومت دوسرےنمبر پر رہی اور وہاں کے 73 فیصد شہریوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 68 فیصد شہری کورونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر  اپنی انتطامیہ یعنی وفاقی حکومت کی کارکردگی سے خوش نظر آئے۔

سندھ کے 56 فیصد شہریوں نے وبا کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات کو قابل اطمینان قرار دیا  جب کہ سب سے بڑے صوبے پنجاب کے 42 فیصد عوام ہی عثمان بزدار حکومت سے مطمئن نظر آئے۔

 بلوچستان حکومت 14 فیصد افراد کو  جب کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کورونا وائرس کے خلاف اقدامات سے 29 فیصد شہریوں کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہوئی۔ 

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سروے کے مطابق وبا کے حوالے سے واضح اور ایک مؤقف اختیار کرنے پر گلگت بلتستان ، اسلام آباد اور سندھ کے شہریوں نے اپنی حکومتوں کو سراہا۔

سروے کے دوران ملک بھر کے 25 فیصد افراد نے رائے دی کہ وفاقی حکومت کے اقدامات کووڈ 19 پر قابو پانے میں مؤثر ثابت ہوئے ہیں جب کہ  لگ بھگ 94 فیصد کا خیال تھا کہ وبا نے سب سے زيادہ دیہاڑی دار مزدور کو متاثر کیا ہے۔

سروے کے دوران نصف سے زائد افراد یہ سوچ کر پریشان تھے کہ امدادی سامان کی تقسیم میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک ہوگا اور تقریباً 70 فیصد کا خیال تھا کہ  لاک ڈاؤن کے دوران عورتوں کے خلاف گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد2 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ساڑھے 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :