09 فروری ، 2012
کراچی … وزیر داخلہ سندھ منطور وسان نے کہا ہے کہ عام انتخابات اسی سال 18 اکتوبر کو ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کچھ لوگ جلدی الیکشن چاہتے ہیں لیکن کوئی جمہوری نظام کا خاتمہ نہیں چاہتا۔ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی سندھ کے سابق جنرل سیکریٹری نفیس صدیقی کی دوبارہ پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کہی۔ منظور وسان نے کہاکہ بختیار ڈومکی کے اہل خانہ کے قتل کی تحقیقات میں مثبت نتائج کی امید ہے۔ آئی جی سندھ کل سپریم کورٹ کو تحقیقات سے آگاہ کریں گے۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سندھ کے لئے ایک ہی بلدیاتی نظام ہوگا، جو صوبے کے عوام چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ذوالفقار مرزا نے پارٹی نہیں چھوڑی وہ آئیں گے تو ان کے ساتھ بھی پریس کانفرنس کروں گا۔