09 فروری ، 2012
اسلام آباد … صدر زرداری نے پیشکش کی ہے کہ پاکستان عالمی تجارت کیلئے تاجکستان کو گوادر بندرگاہ تک رسائی دینے کو تیار ہے۔ تاجکستان کے سفیر زبیدیلو زبیدوف نے صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم گنجائش سے کم ہے جسے فروغ دینا چاہئے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کو کاسا ایک ہزار منصوبے سمیت انفراسٹرکچر، مواصلات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانا چاہئے۔ صدر نے دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارت اور دیگر تجارتی معاہدوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس دوران تاجک سفیر نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔