کاروبار
Time 31 جولائی ، 2020

حکومت تعمیراتی شعبے کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت تعمیراتی شعبے کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی جب کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کے 13 نمائندگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں تعمیراتی شعبے میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات اور اس کے نتیجے میں شروع ہونے والی سرگرمیوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کے اجلاس کی مزید تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلڈرز کے لیے ون ونڈو سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کڑی نگرانی کی جائے گی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بلڈرز نے وزیراعظم عمران خان کو 1370 ارب روپے کے تعمیراتی منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا کہ  تعمیراتی منصوبوں پر کام کا آغاز 4 سے 5 ماہ میں ہو جائے گا۔

اجلاس میں مجموعی طور پر 13 بڑے تعمیراتی گروپس نے آئندہ 6 ماہ میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیرشروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی جانب سے تعمیراتی شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئے رہائشی منصوبوں کو گیس، بجلی اور دیگربنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔