07 ستمبر ، 2012
کراچی … وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام میں سب سے بہتر چیزوں کا انتخاب کیا گیا ہے، آرڈیننس پر دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لیں گے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی رضا ہارون نے کہا ہے کہ یہ پہلا بلدیاتی نظام ہے جو جمہوری حکومت نے بنایا ہے، ہم سب کو مل کر اس نظام کی کامیابی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون گورنر ہاوٴس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ پیپلز میٹرو پولیٹن کارپوریشن آرڈیننس 2012ء پر گورنر سندھ کے دستخط کے بعد شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نیا نظام لانے کیلئے کہا، اس نظام میں سب سے بہتر چیزوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نئی چیزیں بھی اس نظام میں متعارف کرائی گئی ہیں، اس میں مزید میٹروپولیٹن کارپوریشنز بنانے کی گنجائش ہے، آرڈیننس کے ذریعے سندھ کی دیہی اور شہری آبادی کو مزید قریب لایا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ پہلا بلدیاتی نظام ہے جو جمہوری حکومت نے بنایا، اس نظام میں سندھ کے رہنے والوں کو یکساں سہولیات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کو رائج کرنے کا سہرا پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے سر ہے، پاکستان کی تاریخ کا یہ کریڈٹ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے حصے میں آیا، ہم سب کو ملکر اس نظام کی کامیابی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔