پارک لین ریفرنس: آصف زرداری کی درخواستیں مسترد، 10 اگست کو فرد جرم عائد کی جائیگی

پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد ہو گئی۔

احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری کی عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواست بھی مسترد کر دی۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے آصف زرداری کی دونوں درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے 10 اگست کو آصف زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تحریری حکم نامہ آج ہی جاری کریں گے جس میں ضروری ہدایات دی جائیں گی۔

آصف زرداری کی متفرق درخواستوں کے باعث فرد جرم عائد کرنےکی کارروائی موخر ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ پارک لین کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ میں کئی بار توسیع کی گئی ہے جب کہ سابق صدر طبی بنیادوں پر ضمانت کے بعد کراچی میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔

مزید خبریں :