18 اگست ، 2020
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چینی اسکینڈل پر انکوائری کمیشن کے خلاف شوگر ملز کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنای جو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پرمشتمل ڈویژن بینچ نے سنایا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اپیل مسترد کرتے ہوئے سنگل بینچ کافیصلہ درست قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ مئی میں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی تھی۔
رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکےمتاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے حکومت کو کارروائی سے روکنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر عدالت نے حکم امتناع جاری کیا تھا ۔
بعدازاں 20 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری رپورٹ پر حکم امتناع ختم کرتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی چینی رپورٹ پر کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔