Time 19 اگست ، 2020
پاکستان

نیب نے اعتراضات دور کرکے پارک لین ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا

سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ضمنی ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے اعتراضات دور کرنے کے بعد ضمنی ریفرنس دوبارہ احتساب عدالت میں جمع کرادیا ۔

خیال رہے کہ نیب نے گذشتہ روز آصف علی زرداری سمیت 19 ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کے پارک لین کیس کاضمنی ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا تھا۔

پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے تاہم احتساب عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار  پر شہادتیں طلب کر رکھی ہیں۔

گذشتہ روز  احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ضمنی ریفرنس میں دستاویزات کی ترتیب صحیح نہ ہونے پر اعتراض لگاتے ہوئے  اسے دور کرنے کے بعد جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔

آج نیب نے اعتراضات دور کرنے کے بعد ضمنی ریفرنس دوبارہ احتساب عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

‎ پارک لین ضمنی ریفرنس میں جعلی دستاویزات پرقرض لینے کے شواہد شامل ہیں اور ریفرنس کے مطابق پارک لین کمپنی قرض واپسی سے انکار کرتی رہی ہے، ریفرنس میں آصف علی زرداری کے ساتھ پارک لین کمپنی کے ڈائریکٹرز بھی نامزد کیے گئے ہیں ۔

آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے۔

مزید خبریں :