Time 24 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی نے کراچی کے  داخلی اور خارجی راستوں پرسی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس 18 ماہ بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوا جس میں اعلیٰ سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

 ایپکس کمیٹی کے اجلا س میں نیشنل ایکشن پلان کے 16 نکات پر عمل درآمد پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مدارس کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں 8195 مدارس اور امام بارگاہیں ہیں۔

اپیکس کمیٹی نے مدارس کو تعلیمی اداروں کے طور پر رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اب مدارس محکمہ تعلیم رجسٹر کرے گی، ماضی میں اوقاف اور انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ مختلف قوانین کے تحت رجسٹرڈ کرتی تھیں۔

سیکرٹری قانون نے شرکاء کو بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے حوالے سے نئے قانون کی تیاری کے لیے ہائیکورٹ سے مشاورت جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صرف قانون بنانا کافی نہیں بلکہ اس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کے کیسز ایسے بنائے جائیں جن کے تحت ملزمان کو سزا ہو اور ہائیکورٹ سے درخواست کی جائے کہ اسٹریٹ کرائم کی سماعت کے لیے الگ جج تقرر کیا جائے۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ سی پیک کے 12 پروجیکٹس سندھ میں جاری ہیں جن میں 2500 چینی شہری کام کررہے ہیں، ان چائینیز اسٹاف کی سیکورٹی پر 4500 کے قریب اہلکار کام کررہے ہیں، سندھ میں 136 نان سی پیک پروجیکٹس چل رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :