27 اگست ، 2020
کراچی میں شدید بارشوں کے دوران موسم خراب ہونے سے کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور نصف درجن پروازوں کو فضا میں روکنا پڑا جب کہ ایک کو سکھر دوسری کو ملتان اتارا گیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 301 نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی، اس وقت کراچی میں طوفانی بارش ہو رہی تھی جس کے باعث اپروچ لینے کے باوجود پائلٹ نے طیارہ کو لینڈ نہیں کرایا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو چکر لگانے کا کہا، ائیر بس اے 320 نے فضا میں کئی چکر لگائے مگر فیول ختم ہونے کے خدشے کے پیش نظر پائلٹ نے واپسی کی راہ لی،طیارے نے سکھر ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں ری فیولنگ کے بعد یہ پرواز شام چار بجے واپس کراچی پہنچی۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی پہنچنے والی پرواز پی کے 303 کو بھی موسم کی خرابی کی وجہ سے لینڈنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، پی کے 303 نے کراچی ائیر پورٹ کے اطراف 40 منٹ چکر لگائے، بعد ازاں یہ پرواز باحفاظت کراچی لینڈ کرگئی۔
پشاور سے پی آئی اے کی پرواز 351 دوپہر ڈیڑھ بجے کراچی پہنچی تو موسم کی خرابی کی وجہ سے جہاز کو حیدر آباد اور نواب شاہ کے درمیان ہی 15 منٹ تک فضا میں چکر کاٹنے پڑے۔
اسلام آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہونے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 201 کو موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتان ایئرپورٹ اتار لیا گیا تھا،بعدازاں یہ پرواز ملتان سے شام کو کراچی پہنچی تو شدید بارش ہو رہی تھی اور موسم کی خرابی کی وجہ سے اسے دس منٹ تک فضا میں چکر لگانا پڑا۔
اسلام آباد سے نجی ائیر لائن کی پرواز کے ای آر 503 رات سوا 8 بجے کراچی پہنچی تو موسم کی خرابی کی وجہ سے اسے 15 منٹ تک چکر کاٹنے پڑے۔
عین اسی وقت اسلام آباد سے ایربلو کی پرواز پی اے 205 کراچی پہنچی تو موسم کی خرابی کی وجہ سے اسے بھی پندرہ منٹ تک فضا میں ہولڈ کرایا گیا۔