Time 09 ستمبر ، 2020
پاکستان

سی بی سی دفتر کے باہر احتجاج کرنیوالوں کیخلاف پولیس کارروائی روکنےکا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے بارش کی تباہ کاریوں کے خلاف کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی)کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے والے ڈیفنس کلفٹن کے مکینوں پر قائم مقدمے میں پولیس کو کارروائی سے روک دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں بارش کی تباہ کاریوں سے متعلق احتجاج کرنے والے ڈیفنس کلفٹن کے مکینوں پر مقدمے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے پولیس کو نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت  کی ہے۔

عدالت عالیہ نے فریقین کو 24 ستمبر تک تفصیلی جواب دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

 سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ بارش سے ڈیفنس کلفٹن کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کئی دنوں تک پانی موجود رہا، قیمتی سامان بھی پانی کی نذر ہوگیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی بد انتظامی کے خلاف مکینوں نے پر امن احتجاج کیااور احتجاج کے موقع پر سی بی سی انتظامیہ نے مذاکرات بھی کیے اور مسائل حل کرنے کا یقین دلایا لیکن  احتجاج کے 60 گھنٹے بعد پتہ چلا کہ مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی بی سی کی جانب سے اندراج مقدمہ انتقامی کارروائی اور خلاف قانون ہے کیونکہ قانون ہر شہری کو پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے۔

مزید خبریں :