15 ستمبر ، 2020
سوک سینٹر کراچی میں سرکاری افسران کا تنازع خونی تصادم میں تبدیل ہوگیا، ایک دوسرے پر گولیاں چلادیں، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈگلستان جوہر وسیم عثمانی اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم رضا ہلاک جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالحفیظ زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔
جھگڑا پیسوں کے لین پر ہوا یا زمینوں کی الاٹمنٹ پر؟ پولیس نے آفس سپرنٹنڈنٹ عمران شاہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی فارنزک کیلئے بھیج دیا گیا۔
سوک سینٹر کراچی میں جھگڑا عموماً دو باتوں پر ہوتا ہے، زر یا پھر زمین اور منگل کو کے ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے تھڑد فلور پر ہونے والا تنازع کچھ زیادہ ہی بڑا ہوگا کہ نوبت فائرنگ تک جاپہنچی۔
گولیاں کس بات پر چلیں؟ کس نے چلائیں؟ یہ طے ہونا ابھی باقی ہے لیکن اس کے نتیجے میں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈگلستان جوہر وسیم عثمانی اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم رضا ہلاک جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالحفیظ زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے میں 6 افراد میٹنگ کیلئے جمع تھے، پھر تین افراد کو باہر نکال دیا گیا اور چند منٹوں بعد گولیاں چل گئیں۔ پولیس نے آفس سپرنٹنڈنٹ عمران شاہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاہم داخلی راستوں پر پر واک تھرو گیٹ اور چیکنگ کے باوجود اسلحہ اندر کیسے پہنچا؟ یہ وہ پہلو ہے جس نے سوک سینٹر کی سیکورٹی پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔