19 ستمبر ، 2020
ننکانہ صاحب: گجر پورہ موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی ملہی شیخوپورہ اور قصورکے بعد ننکانہ پولیس کو بھی چکمہ دے کر فرار ہوگیا اور پولیس 10 فٹ پر موجود عابد کو نہ پکڑ سکی۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی ملزم عابد علی ملہی جمعرات کو سہ پہر 4 بجے پرانا ننکانہ میں اپنی سالی کشور بی بی سے ملنے آیا تھا، ملزم عابد رائے بلار پارک میں سالی کشور سے بیوی بشریٰ کے متعلق پوچھ رہا تھا کہ اہل محلہ نے 15 پر کال کرکے پولیس کو ملزم کی موجودگی کی اطلاع دی لیکن حسب روایت پولیس25 منٹ تاخیر سے پہنچی۔
عینی شاہدین کا کہناکہ ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب عبدالخالق صرف 3 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پرپہنچاتو کالر نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ صاحب کو بتایا کہ یہ عابد علی ہے۔
کالر کی آواز سنتے ہی ملزم عابد علی پولیس کے ہاتھوں سے نکل گیا حالانکہ پولیس اور ملزم کا درمیانی فاصلہ صرف 10 فٹ کا تھا جب کہ تھانہ سٹی اور رائے بلار بھٹی پارک کا درمیانی راستہ صرف 5 منٹ کا ہے۔
پولیس ملزم کو تو قابو نہ کرسکی لیکن عابد کی سالی کشور اور 2 سالوں کو پکڑ کر پوچھ گچھ کی گئی جب کہ عابد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی بے سود رہا۔
9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا۔
2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کےمطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی خاتون رات کو تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں اپنے دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ رنگ روڈ پر گجر پورہ کے نزدیک اسکی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔
کار کا پٹرول ختم ہونے کے باعث موٹروے پر گاڑی روک کر خاتون شوہر کا انتظار کر رہی تھی، پہلے خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو فون کیا، رشتے دار نے موٹر وے پولیس کو فون کرنے کا کہا۔
جب گاڑی بند تھی تو خاتون نے موٹروے پولیس کو بھی فون کیا مگر موٹر وے پولیس نے مبینہ طور پر کہا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق موٹروے ہیلپ لائن پر خاتون کو جواب ملا کہ گجر پورہ کی بِیٹ ابھی کسی کو الاٹ نہیں ہوئی۔
ایف آئی آر کے مطابق اتنی دیر میں دو مسلح افراد موٹر وے سے ملحقہ جنگل سے آئےاور کار کا شیشہ توڑ کر زبردستی خاتون اور اس کے بچوں کو نزدیک جنگل میں لے گئے جہاں ڈاکوؤں نے خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
خاتون کی حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ خاتون کی طبی ملاحظے کی رپورٹ فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے جبکہ خاتون کے رشتے دار کی مدعیت میں پولیس نےمقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔
واقعے میں عابد کے ساتھ واردات میں ملوث شفقت کو گرفتار کرلیا گیا اور اس نے خاتون کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔