فیسکو کے اکثر لائن مین موٹاپے کے باعث کھمبوں پر چڑھنے کے بھی قابل نہ رہے

فیصل آباد الیکڑک سپلائی کمپنی (فیسکو) میں نئے ملازمین کی بھرتی ایک عرصے سے التوا کا شکار ہے اور موجودہ فیلڈ اسٹاف میں اکثر لائن مین بیمار اور موٹے ہونے کی وجہ سے کھمبوں پر چڑھنے کے بھی قابل نہیں رہے۔

نئے اور توانا عملے کی کمی کے باعث شہریوں کی روز مرہ کی شکایات کے حل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

فیسکو کو اس وقت دوہزار نئے فیلڈ اسٹاف کی اشدضرورت ہے جن میں 1738 چاک و چوبند اسٹنٹ لائن مینوں کی فوری چاہئیں تاکہ شہریوں کا شکایات کے ازالے میں تاخیر کا شکوہ دور کیا جا سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے بعد بھی فیسکو حکام کہتے ہیں کہ بس بندہ آ رہا ہے، فلاں جگہ ہے، بڑی پریشانی ہے، کہتے ہیں عملہ کم ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے الیکٹرک کمپنی کے حکام کہتے ہیں کہ ان کے پاس اسٹاف کی قلت اور مینٹیننس آلات بھی نہیں ہیں۔

فیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ملازمین کی بھرتی التوا کا شکار ہونے کے باعث مشکلات کاسامنا ہے، جلد بھرتی مکمل کر لی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ 1738 نئے اسسٹنٹ لائن مین ہم نے بھرتی کرنے ہیں، ان کی بھرتی کا عمل جاری تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے معاملہ رک گیا جس کی وجہ سے ٹیسٹ اور بھرتی نہیں ہو سکی۔

عام شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیےفیصل آباد الیکڑک سپلائی کمپنی کو فیلڈ اسٹاف کی نئی بھرتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ 

مزید خبریں :