05 اکتوبر ، 2020
دی سمپسنز دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا اینی میٹڈ ٹی وی شو ہے جس میں متعدد اہم حالات و واقعات کی پیش گوئیاں بھی کی گئی ہیں۔
اس اینی میٹڈ ٹی وی شو میں نائن الیون اور ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے سمیت دنیا میں رونما ہونے والے متعدد اہم واقعات کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جب سے امریکی صدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تو لوگوں نے دی سمپسنز کی ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے پیش گوئیاں دیکھنا شروع کر دی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی اس حوالے سے جستجو بڑھ گئی ہے کہ آیا اس اینی میٹڈ ٹی وی شو میں ڈونلڈ ٹرمپ کی موت کے بارے میں بھی کوئی پیش گوئی کی گئی یا نہیں؟
اینی میٹڈ کارٹون میں ٹرمپ کے کردار کی تابوت میں لیٹے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو رہی ہے اور بہت سے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دی سمپسنز میں ٹرمپ کی موت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ٹی وی شو کی 700 سے زیادہ اقساط دیکھنے والے صارفین نے کارٹون میں ٹرمپ کی موت کی پیش گوئی کے دعوے کو غلط قرار دیا ہے۔
ان صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اینی میٹڈ شو میں ایک بھی قسط ایسی نہیں دیکھی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ مر گئے ہوں۔