دنیا
Time 05 اکتوبر ، 2020

مصر میں اخوان المسلمین کے 13 کارکنوں کو پھانسی دے دی گئی

پھانسی پانے والے ان افراد پر حکومت کے خلاف بغاوت اور پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات تھے،فوٹو:فائل

مصری حکومت نے اخوان المسلمین سے تعلق رکھنے والے 13 سیاسی کارکنوں کو پھانسی دے دی۔

ترک اخبار کے مطابق مصر کی عبدالفتح السیسی حکومت نے کئی سال سے قید 13 سیاسی کارکنوں کو پھانسی دی ہے، پھانسی پانے والے تمام افراد  اخوان المسلمین کے کارکن اور ہمدرد تھے۔

 مصری ٹی وی نے بھی اخوان المسلمین کے 13کارکنوں کی پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کرنے کی تصدیق کی ہے۔

پھانسی پانے والے ان افراد پر حکومت کے خلاف بغاوت اور پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔

 اخوان المسلمین نے پھانسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت جب مصری حکومت کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں،حکومت سیاسی کارکنوں کو پھانسی دے کر نوجوانوں کو خوفزدہ کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی پھانسی کی سزا اور عدالتی کارروائی پر  تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ 2013 میں مصری فوج نے اخوان سے تعلق رکھنے والے ملک کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے اخوان المسلمین کے متعدد رہنماؤں پر مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں  اور سیکڑوں کو قیداور سزائیں دی جاچکی ہیں۔

مزید خبریں :