Time 08 اکتوبر ، 2020
پاکستان

جامعہ کراچی میں طالبات کو ہراساں کرنے کے الزام میں 6 نوجوان گرفتار

جامعہ کراچی میں طالبات کو  مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں 6 نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 

 انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)  کے جامعہ کراچی میں واقع مین کیمپس کے طالب علم شہیرکا الزام ہےکہ جامعہ کراچی میں رہائش پذیر نوجوانوں نے اسے اور اس کے ساتھ موجود طالبات  کو ہراساں کیا اور اس پر حملہ کیا۔

پولیس نے متاثرہ نوجوان شہیرکا بیان قلمبندکرلیا ہے، نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ دو ساتھی طالبات کو ہاسٹل ڈراپ کرنے آیا تھا، نوجوانوں نے واپسی پر اسے ہراساں کیا۔

.پولیس نے 6 نوجوانوں کو گرفتارکرکے شہیر کی مدعیت میں مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے،مقدمے میں ہراسانی، راستہ روکنے اور گالم گلوچ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

 گرفتار لڑکوں کی عمریں 16 سے 21 سال کے درمیان ہیں،گرفتارہونے والے ایک ملزم عبدالرحمان نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں طالبات کو ہراساں کیے جانے کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جس میں کراچی یونیورسٹی کے احاطے میں کچھ نوجوانوں نے مبینہ طور پر طالبات کو ہراساں کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر یونیورسٹی میں طالبات کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے۔

اس حوالے سے کراچی یونیورسٹی کے سیکیورٹی ایڈوائزرکاکہنا تھا کہ ملزمان کم عمر لڑکے اور جامعہ کے اسٹاف کے بچے ہيں۔

مزید خبریں :