پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2020

وفاقی وزیر نے آئندہ چند دنوں میں چینی کی قیمت میں کمی کی خوشخبری سنادی

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے آئندہ چند دنوں میں چینی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنادی۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر اور وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی فخرامام نے  پریس کانفرنس کی۔ 

اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ 55 ہزار ٹن چینی پاکستان آچکی، آئندہ کچھ روز میں ایک سے دو لاکھ ٹن چینی مزید آئے گی اور چینی مارکیٹ میں آنے کے بعد 15 روپے فی کلو تک کمی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شوگر کی قیمتوں میں اضافے پر قابو پالیں گے، حکومت کو مزید شوگر امپورٹ کرنا پڑی تو کرے گی جب کہ صوبے دس نومبر کو شوگر کرشنگ سے متعلق قانون سازی کریں۔

وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک سید فخر امام کا کہنا تھا کہ پنجاب نے آج تک 14 لاکھ ٹن گندم عوام تک پہنچائی لیکن سندھ نے گندم فراہمی میں استحکام نہیں ہونے دیا، ہمارے پاس گندم کا وافر ذخیرہ ہے، اس کے  علاوہ آج ملک سے باہر گندم کی طلب زیادہ ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے چینی اور آٹے کی قیمتیں بڑھی ہیں، قیمتیں نہیں بڑھنا چاہئیں تھیں، قیمتوں میں کمی کے لیے وفاق کے ساتھ صوبوں کو بھی کردار اد اکرنا ہوگا،  ذخیرہ اندوزی چیک کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے، آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں۔

مزید خبریں :