پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2020

مولانا عادل کے قاتلوں کو تصویر ہونے کے باوجود اب تک گرفتار نہیں کیا گیا، فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان جامعہ فاروقیہ گئے جہاں انھوں نے مولانا ڈاکٹر عادل کے صاحبزادے اور دیگر علماء سے ملاقات کی— فوٹو: فائل

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے مولانا ڈاکٹر عادل کے قاتلوں کو تصویر ہونے کے باوجود اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان اتوار کو پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے، ائیرپورٹ سے مولانا فضل الرحمان جامعہ فاروقیہ گئے جہاں انھوں نے مولانا ڈاکٹر عادل کے صاحبزادے اور دیگر علماء سے ملاقات کی۔

مولانا فضل الرحمان نے مولانا ڈاکٹر عادل کے قتل پر اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا قاتل کی تصویر ہونے کے باوجود گرفتاری نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ شہر قائد کو ماضی میں بھی خون سے نہلایا گیا۔ انھوں نے جلسے کے سوال پر کہا عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے جس کی کل اچھی ابتدا ہوئی، 2018 کے الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی جس کے نتیجے میں یہ حکومت وجود میں آئی ،یہ دھاندلی کسی نے تو کی ہے ہم اپنے اداروں سے شکایت نہیں کرینگے تو کس سے کرینگے؟

مزید خبریں :