پاکستان
Time 20 اکتوبر ، 2020

کیپٹن صفدر پر مقدمے کے مدعی مفرور ملزم وقاص کی ضمانت منظور

کراچی: کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ درج کرانے والے مدعی وقاص خان کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی۔

مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گزشتہ روز پولیس نے مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا تھا اور بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ لیگی رہنما پر مقدمے کا مدعی خود عدالت سے مفرور ہے۔

پولیس نے مدعی مفرور ملزم وقاص خان کے خلاف تھانہ سپر ہائی وے میں مقدمہ درج ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم وقاص خان پولیس پر حملے کے مقدمے میں نامزد ہے اور اس نے 25 اگست 2019 کو گلشن معمار میں پولیس پر حملہ کیا تھا۔

پولیس کی تصدیق کے بعد مفرور ملزم وقاص خان نے اپنی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا اور سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے وقاص خان کی درخواست ضمانت 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 روز میں متعلقہ تھانے جانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں پی ڈی ایم ے کے جلسے کے سلسلے میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کراچی پہنچے تھے جہاں مزار قائد پر حاضری کے دوران محمد صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے تھے جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے جلسے کے اگلے روز علی الصبح کیپٹن صفدر کو نجی ہوٹل سے گرفتار کیا تاہم شام میں عدالت نے ان کی منظور کرتے ہوئے رہا کردیا۔

مزید خبریں :