21 اکتوبر ، 2020
لاہور: سی سی پی او کی جانب سے مبینہ بدکلامی پر خاتون نے عمر شیخ کے خلاف اندراجِ مقدمہ کی درخواست دے دی۔
امین پورہ رائیونڈ کی رہائشی نائلہ بی بی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے سی سی پی او نے انہیں گالیاں اور دھمکیاں دی ہیں جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی مبینہ بدکلامی کے حوالے سے ایک آڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سنا جا سکتا ہے کہ رائیونڈ کی رہائشی خاتون نے سلام کے بعد سی سی پی او کو بتایا کہ اس کے شوہر کےخلاف کیس کا کچھ نہیں بنا تو سی سی پی او عمر شیخ نے مبینہ طور پر اس سے بدکلامی شروع کر دی۔
خاتون اور سی سی پی او عمر شیخ کی گفتگو کا یہ دورانیہ تقریباً 20 سیکنڈ پر مشتمل ہے جس کے مطابق بدکلامی پر خاتون خاموش ہو گئی اور اس نے ڈر کر فون بند کر دیا۔
رائیونڈ کی رہائشی ان خاتون کی جانب سے سی سی پی او کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ سب انسپکٹر حیدر علی نے اس کے شوہر سے مقدمہ درج نہ کرنے کا کہہ کر 18 لاکھ روپے رشوت لی تھی مگر پھر بھی مقدمہ بھی درج کر لیا۔
دوسری جانب اس معاملے کے حوالے سے سی سی پی او عمر شیخ کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو گفتگو ان کے خلاف نیا افسانہ ہے۔