کھیل
Time 22 اکتوبر ، 2020

انگلش آل راؤنڈر سمت پٹیل پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کامیابی کیلئے پرامید

مثبت سوچ کے ساتھ پی ایس ایل کے باقی میچز کیلئے میدان میں اتریں گے اور ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے: سمیت پٹیل— فوٹو: فائل 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے برطانوی آل راؤنڈر سمت پٹیل  لیگ کے بقیہ میچز میں شاندار کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کو سرخرو کرانے کیلئے پر امید ہیں۔

ناٹنگھم سے جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں سمت پٹیل نے نومبر میں لاہور میں پی ایس ایل ٹرافی اٹھاکر ’میں ہوں قلندر‘ کا نعرہ بلند کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے مداحوں سے وعدہ کیا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم ٹائٹل جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔

سمت پٹیل نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز معطل ہوئے تو ان کو شدید مایوسی ہوئی تھی لیکن اب پر جوش ہیں کہ ایک بار پھر پاکستان آنے کا موقع مل رہا ہے۔ 

خیال رہے کہ انگلش آل راؤنڈر نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی جانب سے 137 رنز بنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل فور تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، وہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں 14 نومبر کو اپنا ایلیمینٹر پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔

جیت کی صورت میں وہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والے کوالیفائر میں شکست پانے والی ٹیم سے 15 نومبر کو معرکہ آراء ہوگی۔

سمت پٹیل اپنی فارم کے سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے پر امید ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ ان کی کوشش ہوگی کہ جہاں پی ایس ایل چھوڑی، وہیں سے اس کو شروع کریں، ضروری ہے کہ بیٹنگ ردھم میں رہے اور ٹیم مجموعی طور پر اچھا پرفارم کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ پی ایس ایل کے باقی میچز کیلئے میدان میں اتریں گے اور ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

ایک سوال پر انگلش کرکٹر نے کہا کہ فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ کا فارم میں ہونا لاہور قلندرز کیلئے اچھی بات ہے اور امید ہے کہ یہ کھلاڑی جس فارم میں ہیں، اسے پی ایس ایل میں بھی برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حفیظ کافی تجربہ کار کھلاڑی ہیں، بیٹنگ میں ان کا کردار کافی اہم ہوگا اور اگر وہ وکٹ پر قیام کرتے ہیں تو قلندرز کو بڑ ااسکور بنانے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قلندرز کے ڈریسنگ روم کا ماحول کافی اچھا ہے اور کھلاڑی بھی ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل چکے ہیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر کوئی ٹیم کی جیت کیلئے کھیلتا ہے اور ٹیم میں کوئی بھی خودغرض کھلاڑی نہیں۔

ایک سوال پر سمت پٹیل نے لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی تعریف کی اور کہا کہ قلندرز کے پی ڈی پی جیسے پروگرام کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی، اس پروگرام کی وجہ سے پاکستان کو اچھا ٹیلنٹ مل رہا ہے، قلندرز کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو اس پروگرام سے آئے ہیں اس کا سارا کریڈیٹ رانا فواد، عاقب جاوید اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں بولنگ اعلیٰ معیار کی ہے اور کسی بھی ٹیم میں بولنگ میں کوئی کمی نظر نہیں آتی، ہر ٹیم کے پاس ایک سے بڑھ کر ایک بولر موجود ہے جس سے پاکستان سپر لیگ بولنگ کے لحاظ سے کافی اعلیٰ پائے کی لیگ بنتی ہے۔

6 ٹیسٹ، 36 ایک روزہ میچز اور 18 ٹی ٹوئنٹیز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے سمت پٹیل نے بتایا کہ انگلینڈ میں ان کی دیگر کرکٹرز سے پاکستان کے حالات پر بات چیت ہوتی ہے اور انہوں نے سب کو یہی کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے اور اگر انگلش ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہوگی۔

مزید خبریں :