23 اکتوبر ، 2020
سندھ ہائی کورٹ نے بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے خلاف درخواست مسترد کردی۔
عدالتی فیصلے میں جیو نیوز کے صحافی ولی خان بابر قتل کیس کا حوالہ بھی شامل ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے بانی ایم کیو ایم و دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقلی کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، عدالت نے سابق سینیٹر احمد علی کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ انسداد دہشت ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت کو مقدمہ منتقلی کا اختیار حاصل ہے، وفاقی حکومت کو مقدمے کی منتقلی میں اجازت کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جیو نیوز کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافی کو بھی اسی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے قتل کیا تھا، ولی خان بابر قتل کیس کے گواہان کو بھی قتل کیا گیا، اس جماعت کی ماضی میں کارروائی تشدد پر مبنی رہی ہیں سندھ حکومت اس کیس سے جڑے گواہان اور وکلاء کو بھی تحفوظ فراہم کرے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیس ٹرانسفر نہیں ہو سکتا کیس ٹرانسفر کرنے کے لیے متعلقہ چیف جسٹس کی منظوری ضروری ہے۔