Time 23 اکتوبر ، 2020
پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور کی فون پر خاتون سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور  عمر شیخ کی جانب سے فون پر خاتون سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے وزیرقانون پنجاب راجا بشارت کو واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور اسی وجہ سے راجہ بشارت نے 2 روز قبل سی سی پی او سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ  نے اسپیشل برانچ سے بھی سی سی پی او سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلیٰ نے سی سی پی او سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھی سی سی پی او کی فون کال پر خاتون سے بدتمیزی کا نوٹس لیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سی سی پی او لاہور کی خاتون کو فون پر گالیاں دینے کی آڈیو وائرل ہوئی تھی، متاثرہ خاتون نے سی سی پی او کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دے رکھی ہے۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور تین یوم کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔

مزید خبریں :