Time 21 اکتوبر ، 2020
پاکستان

سی سی پی او لاہور عمر شیخ اچانک 3 روز کی رخصت پر چلے گئے

 سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ 24 اکتوبر بروز ہفتہ دوبارہ فرائض سرانجام دیں گے،ترجمان لاہور پولیس،فوٹو: فائل

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ اچانک 3 روز کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔

خیال رہےکہ گذشتہ روز سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی ایک خاتون کے ساتھ مبینہ بد کلامی کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

آڈیو میں سناجا سکتا ہےکہ رائے ونڈ کی رہائشی خاتون نےسلام کے بعد سی سی پی او کو بتایا کہ اس کے شوہر کےخلاف کیس کا کچھ نہیں بنا، تو سی سی پی او عمر شیخ نےمبینہ طور پر اس سے بدکلامی شروع کردی۔

آڈیو ٹیپ میں سی سی پی او نے مبینہ طور پر کہا کہ ’اب فون نہ کرنا، تماشا لگا رکھا ہے‘،اس حوالے سے سی سی پی او  لاہور کا کہنا تھا کہ یہ آڈیو گفتگو ان کے خلاف نیا افسانہ ہے۔

مبینہ بدکلامی پر خاتون نے عمر شیخ کے خلاف اندراجِ مقدمہ کی درخواست بھی دے دی ہے، امین پورہ رائے ونڈ کی رہائشی نائلہ بی بی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سی سی پی او نے انہیں گالیاں اور دھمکیاں دی ہیں جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

دوسری جانب  سی سی پی او لاہور آج اچانک تین یوم کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمر شیخ تین یوم کی رخصت پر ہیں اور انہوں نے 21 ، 22 اور 23 اکتوبر تک چھٹی لی ہے۔

ترجمان کے مطابق سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ 24 اکتوبر بروز ہفتہ دوبارہ فرائض سرانجام دیں گے۔

مزید خبریں :