پاکستان
Time 08 نومبر ، 2020

چوہدری شجاعت کو کونسی بیماری لاحق ہے؟

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پرنسپل سروسز اسپتال پروفیسر امجد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے روز کی نسبت چوہدری شجاعت کی طبیعت بہتر ہے اور ان کی آکسیجن بھی اتار دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کا بلڈ پریشر بہتر ہوا ہے اور سانس بھی خود لے رہے ہیں۔

پروفیسر امجد کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے چیک کرنے کے بعد ٹرینمنٹ میں کچھ تبدیلی کی ہے، اور چوہدری شجاعت حسب ضرورت بات چیت بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے بھیجے گئے پلمونولوجسٹ بریگیڈیئر ارشد نسیم نے چوہدری شجاعت کو دیکھا۔

پرنسپل سمز کا کہنا تھا کہ نروس سسٹم کی ایک بیماری چوہدری شجاعت حسین کو ہے، بلغم نہ نکلنے سے چوہدری شجاعت کو سانس لینے میں دشواری ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میو اسپتال میں کورونا زیادہ ہو رہا ہے اس لیے چوہدری شجاعت کو سروسز اسپتال میں منتقل کیا گیا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو چند روز قبل طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے ان کی عیادت کی جا رہی ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف رہنماؤں نے فون کر کے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

مزید خبریں :