11 نومبر ، 2020
سندھ ہائی کورٹ نے وفاق اور سندھ کے درمیان میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے تنازع سے متعلق کیس کا مختصر فیصلہ سنادیا جس کے تحت 15 نومبر کو شیڈول انٹری ٹیسٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے 6 صفحات پر مشتمل مختصر فیصلہ سنا دیا، عدالت نے پاکستان میڈیکل کمیشن کے تحت 15 نومبر کو شیڈول انٹری ٹیسٹ منسوخ کردیا۔
عدالت نے 15 روز میں اکیڈمک بورڈ اور اتھارٹی بنانے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ اکیڈمک بورڈ 10 دن میں سلیبس میں خامیوں کاجائزہ لے کر اسے از سر نو تیار کرے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ پاکستان میڈیکل کونسل (پی ایم سی) کے تیارکردہ سلیبس سے کنفیوژن پھیلا ، اکیڈمک بورڈ ٹیسٹ ، امتحانی اسٹرکچر اور سلیبس کاازسرنوجائزہ لےگا، اکیڈمک بورڈ ملک بھر کے طلبہ کیلئے یکساں سلیبس تیار کرے، نئی قائم ہونے والی اتھارٹی سلیبس تیار کرے گی، نئے قانون کے تحت نیشنل میڈیکل اتھارٹی کا قیام ضروری تھا، اتھارٹی کیلئے مستقل ارکان کا تعین کیا جائے۔
خیال رہے کہ سندھ کی 5جامعات اور طلبہ نے یکساں ٹیسٹ کا قانون چیلنج کیا تھا جبکہ پاکستان میڈیکل کونسل کے تحت 15 نومبر کو انٹری ٹیسٹ کی تاریخ مقرر تھی۔