Time 17 نومبر ، 2020
پاکستان

کابینہ نےکورونا ادویات کی درآمد ٹیکس فری کرنے کی منظوری دیدی

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نےکورونا کے علاج کی ادویات پر درآمدی ڈیوٹی ختم کرنےکی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں  ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غورکیاگیا جب کہ اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر پر بھی گفتگوکی گئی۔

وزیراعظم کاکہنا تھاکہ کوروناپھیل رہا ہے سخت احتیاط کی ضرورت ہے، اس حوالے سے ضابطہ کار (ایس او پیز) پر ہر صورت عملدرآمد کروائیں۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وفاقی کابینہ نےکورونا کے علاج کی ادویات اور روک تھام کےلیے اشیاء پر درآمدی ڈیوٹی ختم کرنےکی منظوری دی، اس فیصلے کے مطابق کورونا کے علاج کے لیے ادویات ٹیکس فری درآمد کی جاسکیں گی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان میڈیکل اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ آن لائن ویزا سہولت کو مزید 16 ممالک تک بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم کو مبارک باد دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کاکہنا تھاکہ تحریک انصاف کے وزراء اور پارٹی قیادت نے دن رات محنت کی،اکثریت حاصل کرنے پر تحریک انصاف کے ہر کارکن کو شاباش دیتا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر وہاں کے مسائل حل کریں گے اور عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے۔

مزید خبریں :