17 نومبر ، 2020
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی مذمت کی ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے بلاول کاکہنا تھاکہ دھاندلی کے باوجود اپوزیشن جماعتوں نے زیادہ ووٹ لیے، حکومتی اتحاد سے زیادہ ووٹ لینا تحریک انصاف کی عدم مقبولیت کا ثبوت ہے۔
اس موقع پرمریم نواز کاکہنا تھاکہ گلگت بلتستان کے عوام اپوزیشن کےبیانیےکے ساتھ کھڑے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیاہے۔
خیال رہے کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان میں ہونے والے انتخابات کے تمام حلقوں کے غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق 9 نشستوں پر تحریک انصاف، 7 پر آزاد امیدوار اور 3 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کے 2 اور جے یو آئی (ف) اور ایم ڈبلیو ایم کاایک ایک امیدوار نشست اپنے نام کرسکا۔