16 نومبر ، 2020
وزیراعظم عمران خان نےگلگت بلتستان کے انتخابی نتائج پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے حکومت کی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران حکومتی ترجمانوں نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں کامیابی پرمبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر وزیراعظم کاکہنا تھا کہ گلگت بلتستان کےانتخابات میں حکومت کا بیانیہ کامیاب رہا اور وہاں کے عوام نے حکومت کی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کا ٹولہ اپنا منجن گلگت بلتستان میں بیچنےمیں ناکام ہوا، اور گلگت بلتستان کے عوام نے اپوزیشن کا بیانیہ مسترد کردیاہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں احتساب کے موجودہ نظام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری اور رہائی کا ذکر بھی ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران اجلاس زین قریشی کاکہنا تھاکہ عبدالغفار ڈوگرکو پہلے گرفتارکیا گیا اور پھر رہائی بھی مل گئی اور کیس ہی ختم کردیا گیا۔
زین قریشی کا کہنا تھا کہ یہ کیسا احتساب ہے؟ اپوزیشن کوخوامخواہ سیاسی شہید بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،کمزورکیس بنا، اپوزیشن اب ملتان جلسے کے تناظر میں اسے کیش کرا رہی ہے۔