01 دسمبر ، 2020
وفاقی کابینہ نے بچوں اور خواتین سے جنسی زیادتی کے مجرموں کو کیمیائی طریقے سے نامرد کرنے کا قانون فوری طور پر نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بچوں اور خواتین سے زیادتی کے کیسز میں کیسٹریشن (کیمیائی طور پر نامرد کرنے) کی سزا پر دوبارہ بحث ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اتفاق کیا کہ کسیٹریشن کی سزا کیلئے عالمی اداروں سے رائے لینے یا ان کی آمادگی کی ضرورت نہیں۔
کابینہ ارکان نے مؤقف اپنایا کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کے ملزمان رعایت کے مستحق نہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی جنسی زیادتی کے مجرموں کو نامرد کرنے کی تجویز دے چکے ہیں اور موٹر وے زیادتی کیس کے بعد یہ معاملہ مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔