04 دسمبر ، 2020
پاکستان کے نامور مزاح نگار انور مقصود کے ساتھ ایک اداکار کی سوشل میڈیا پر تصویر سامنے آئی جس میں وہ گاندھی کا روپ دھارے ہوئے ہیں۔
گاندھی کا روپ دھارے انور مقصود سے ملاقات کرتے یہ تصویر کسی اور کی نہیں بلکہ یاسر حسین کی ہی ہے جو گاندھی جیسا لباس پہنے اور حلیہ بنائے انور مقصود سے ملاقات کے لیے ان کے سر پر کھڑے ہیں۔
تصویر کے کیپشن میں یاسر حسین نے لکھا کہ ’انور مقصود کے ساتھ میں بطور گاندھی جی‘۔
خیال رہے کہ معروف ڈرامہ نویس، مزاح نگار اور میزبان انور مقصود نے کامیڈین اداکار یاسر حسین کے ساتھ معروف کامیڈی شو ’لوز ٹاک‘‘ کے طرز پر مزاحیہ پروگرام شروع کیا ہے جس کی پہلی قسط گزشتہ ماہ نومبر میں ریلیز کی گئی تھی۔
پروگرام کی پہلی قسط میں عالمی وبا کورونا کے دوران نجی تقریبات کے انعقاد اور عوام کی بے احتیاطی کو موضوع بنایا گیا تھا۔
تاہم اب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یاسر حسین کی بطور گاندھی جی کے روپ میں شو کی اگلی قسط آئندہ پیش کی جائےگی۔
واضح رہے کہ پروگرام ‘لوز ٹاک‘ میں انور مقصود بطور میزبان اور مرحوم معین اختر مختلف روپ دھارے مہمان کے فرائض انجام دیتے تھے۔