10 دسمبر ، 2020
پاک بحریہ نے نویں بار کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ سنبھال لی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں ہوئی، پاک بحریہ کے کموڈور عبدالمنیب کمباٸنڈ ٹاسک فورس 151 کے نئے کمانڈر تعینات ہوئے۔
کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں تعینات پاکستان اور ترکی کے سفیروں سمیت دیگر سفارتی اور عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے یہ کمانڈ برادر ملک ترکی کے پاس تھی، پاک بحریہ اس سے پہلے بھی 8 بار ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ سنبھال چکی ہے۔
ترجمان پاکستان نیوی کے مطابق کموڈورعبدالمنیب نے سبکدوش کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 اور ٹیم کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر کموڈور عبدالمنیب کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ کام کرتی رہےگی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے زیر نگرانی اپنے فرائض انجام دے رہی ہے، کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 میری ٹائم سیکیورٹی، بحری قزاقی اور سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہے۔