پاکستان

ریاست کے خلاف بغاوت کرنے اور بغاوت پر اکسانے پر فوری کارروائی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ریاست کے خلاف بغاوت کرنے اور بغاوت پر اکسانے پر فوری کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

مقدمات کے اندراج کا اختیار سیکرٹری داخلہ کو سونپنے کی منظوری دے دی، صوبائی حکومتوں کی منظوری سے بھی مقدمے کا اندراج ہوسکے گا، سیکرٹری داخلہ کو اختیار تفویض کرنے سے اب سمری منظوری کے لیے کابینہ کو نہیں بھیجنی پڑے گی۔

پہلے یہ اختیارات کابینہ کے پاس تھے تاہم بعض کیسز میں کابینہ کی منظوری نہ ہونے سے مقدمات کی پیروی غیر قانونی ہوجاتی تھی۔

بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا اختیار کابینہ سے سیکرٹری داخلہ کو منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے ضابطہ فوجداری کے سیکشن 196 کے تحت سمری سرکولیشن کے ذریعے اختیار سیکرٹری داخلہ کو دینے کی منظوری دی ہے۔

صوبائی حکومتیں بھی مقدمات درج کرسکیں گی، ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد بغاوت کے مقدمات کا فوری اندراج اور کیسز کی مؤثر پیروی کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق عدلیہ کی طرف سے کابینہ کو وفاقی حکومت قرار دینے کے بعد انتظامی امور بھی کابینہ میں پیش ہونے لگے تھے، اب سیکرٹری داخلہ کو اختیار دینے سے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی سمری بھی منظوری کےلیےکابینہ کو نہیں بھیجنا پڑے گی۔

متعلقہ عدالت سیکرٹری داخلہ کی منظوری کے بغیر درج کسی مقدمہ کا ٹرائل نہیں کرے گی۔

وزارت داخلہ نے ایڈیشنل سیکرٹری- ٹو کو وفاقی کابینہ کا اختیار سونپنے کی سفارش کی تھی،تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری کو یہ اختیار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :