پاکستان
Time 15 دسمبر ، 2020

کراچی: طارق روڈ پر چھاپہ مارنے والے کسٹمز اہلکاروں اور دکانداروں میں جھڑپ

کراچی: طارق روڈ پر کسٹمز نے اسمگل شدہ کپڑے کی اطلاع پر چھاپہ مارا جس دوران دکانداروں اور کسٹمز اہلکاروں میں جھڑپ ہو گئی۔

 پولیس کے مطابق طارق روڈ پر کسٹمز اہلکاروں نے اسمگلنگ کے کپڑے کے کنٹینر کی اطلاع پر چھاپہ مارا جس دوران دکانداروں اور کسٹمز میں جھڑپ کے دوران دکانداروں کی مزاحمت پر کسٹمز اہلکاروں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ دکانداروں کی جانب سے بھی ہوائی فائرنگ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ مزاحمت کے باعث کسٹمز اہلکار مال برآمد کیے بغیر  وہاں سے چل گئے۔

دوسری جانب واقعے سے متعلق کسٹمز حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسمگلنگ کے سامان کے کپڑے سے بھرے کنٹینر کی اطلاع پر چھاپا مارا تھا اور کنٹینر کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ 

انہوں نے بتایا کہ اسمگل شدہ کپڑے کی مالیت کروڑوں روپے ہے لیکن متعدد شرپسند افراد وہاں پہنچ گئے اور ہماری تحویل سے اسمگل شدہ کپڑے کا کنٹینر چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے ہم پر حملہ کر دیا جس کی وجہ سے کسٹمز اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ شر پسند اسمگلرز کسٹمز اہلکار کی سرکاری رائفل بھی چھین کر لیے گئے۔

علاوہ ازیں واقعے کے خلاف دکانداروں نے طارق روڈ پر احتجاج بھی کیا، دکانداروں کا کہنا تھا کہ ان کا سامان اسمگلنگ کا نہیں بلکہ قانونی ہے۔

مزید خبریں :