کورونا مریضوں کے اعدادوشمار میں تضاد سے متعلق محکمہ صحت کی مبہم وضاحت

کورونا وائرس کے مریضوں کے اعدادوشمار میں تضاد سے متعلق محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کی وضاحت سامنے آگئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیٹا محکمہ صحت کی غیر فعال ویب سائٹ سے لیا گیا تھا، وفاقی سطح پرایک ویب سائٹ کی تشکیل کے بعد باقی غیر فعال کردی گئیں تھیں۔

کورونا وائرس مریضوں کے اعدادوشمار میں تضاد کی خبر کے حوالے سےترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا غیر فعال ویب سائٹ سے لیا گیا، محکمہ صحت یہ بتانے سے قاصر ہے کہ غیر فعال ویب سائٹ پر ڈیٹا اَپ لوڈ کون کرتا رہا۔

جیو نیوز کے مؤقف لینے پر 15 دسمبر کی رات ویب سائٹ غیر فعال کر دی گئی تھی۔

جیو نیوز نے گزشتہ روز کورونا وائرس مریضوں کے حوالےسے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکی ویب سائٹ اور میڈیا کو جاری کردہ اعدادوشمار میں فرق کی رپورٹ نشر کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ویب سائٹ پر مریضوں کی تعداد زیادہ جبکہ عوام کو کم بتائی جا رہی ہے، اس بارے میں کوئی انکوائری کرنے کے بجائے پرائمری ہیلتھ کیئر کے ترجمان قیصر نے ایک ایسی وضاحت جاری کی جو از خود کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ ڈیٹا محکمہ ہیلتھ کی غیر فعال ویب سائٹ سے لیا گیا تھا، وفاقی سطح پر ایک ویب سائٹ کی تشکیل کے بعد باقی غیر فعال کر دی گئی تھیں، جب ان سے پوچھا گیا کہ غیر فعال ویب سائٹ پر ڈیٹا کون اَپ ڈیٹ کرتا رہا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ویب سائٹ عوام کے لیے نہیں ہے، یہ محکمہ میں انٹر لنک ہے، اس پر ڈیٹا ازخود اَپ لوڈ ہوتا تھا، اب اس پر کوئی ڈیٹا اَپ لوڈ نہیں ہو رہا۔

ذرائع کے مطابق یہ ویب سائٹ بحال رہی اور جیو نیوز کی جانب سے مؤقف لینے پر 15دسمبر کی رات 10 بجے اسے غیر فعال کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :