17 دسمبر ، 2020
کراچی کے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کےکیسز میں اضافےکے پیش نظر مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذکردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور لیاقت آباد کے کچھ علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جوکہ آج 17 دسمبر سے 31 دسمبر تک رہےگا۔
اعلامیے کے مطابق لا ڈاؤن کے دورانیے میں بنیادی ضروریات کی اشیاء کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز مخصوص اوقات میں کھلے رہیں گے جب کہ ان علاقوں میں آنے والے صنعتی یونٹس بھی مکمل طور پر بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے مطابق متعلقہ علاقوں میں ڈبل سواری، سماجی تقریبات، تجارتی سرگرمیوں اور غیر متعلقہ افراد کے آنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے اور ریسٹورنٹس کی جانب سے ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق پابندی کی زد میں آنے والے علاقوں اور گلیوں میں حکومت صرف ضرورت مند افراد کو ہی راشن فراہم کرے گی۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں 24 ہزار 572 افرادگھروں میں قرنطینہ میں موجود ہیں، جس میں کراچی کے ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ 5 ہزار 763 افراد گھروں میں قرنطینہ میں ہیں ، اس کے علاوہ ضلع شرقی میں5364 ، ضلع غربی میں 2059 ،ضلع وسطی میں 1925 اور کورنگی میں 1482 افراد گھروں میں قرنطینہ میں ہیں۔