18 دسمبر ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر اداروں کی کارکردگی کا فوری جائزہ لینےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے 22 دسمبر کو 12 وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز سے کارکردگی پر بریفنگ طلب کر لی ہے، کابینہ کے اجلاس میں وزارتیں اور ڈویژنز تفصیلی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم کارکردگی پر سوالات کریں گے اور وزرا، مشیروں اور سیکرٹریز سے بریفنگ بھی لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ سے بریفنگ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار، آئی ٹی، تجارت، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور وزارت منصوبہ بندی سے بھی بریفنگ طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ، پاور، پیٹرولیم اور ریونیو ڈویژنز سے بھی کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم 12 وزارتوں اور ڈویژنز کے ساتھ کارکردگی ایگریمنٹس پر دستخط بھی کریں گے، وزیراعظم متعلقہ وزیر، مشیر، معاونین خصوصی اور سیکرٹریز کے ساتھ آئندہ سال کی کارکردگی کا معاہدہ بھی کریں گے۔