19 دسمبر ، 2020
بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے کنٹرول لائن پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کی گاڑی پر بھارتی فوج کی فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ مبصر کے کام میں رکاوٹ پیدا کرنے کی نئی چال دکھائی دیتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے دانستہ اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا حالانکہ یہ گاڑیاں اپنے مخصوص نیلے جھنڈوں اور بڑی تحریروں کے باعث دور سے ہی پہچانی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چارٹر کے تحت اقوام متحدہ فوجی مبصرین کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا بھارت کی ذمہ داری ہے۔
بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ بھارتی قابل مذمت اقدام سے ان کے رویہ میں مزید گراوٹ کی عکاسی ہوئی ہے ، بھارتی قابض افواج اب نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ مبصرین کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔