21 دسمبر ، 2020
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے۔
پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر گفتگو میں مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں میزبان ٹیم نے اپنے وسائل رہتے ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا، ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی ہم ہر شعبے میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت بھی کرنی ہے۔
ہیڈ کوچ نے ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ بولرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر بابراعظم کی انجری کو تقریباََ 2 ہفتے گزر چکے ہوں گے تاہم نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لیے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کے لیےایک سخت فیصلہ ہوگا، مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے دو میچز ہار چکی ہے، میزبان ٹیم نے پاکستان ٹیم کو مکمل طور پر آوٹ کلاس کرتے ہو ئے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔