Time 23 دسمبر ، 2020
پاکستان

آٹا بحران: یوٹیلٹی اسٹورز اور آزاد کشمیر کو فوری گندم فراہم کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے آٹے کے بحران پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر آزاد کشمیر حکومت اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو مزید 30، 30 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کی قلت کے باعث عوام اوپن مارکیٹ سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

ملک میں گندم کی بڑھتی قلت کا معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث آیا تو عوام کو درپیش آٹے کی فراہمی میں مشکلات کے پیش آزاد کشمیر حکومت اور یوٹیلٹی اسٹورز کو گندم فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ کابینہ نے یہ فیصلہ عوامی مشکلات کے پیش نظر عارضی انتظامات کے تحت کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو مزید گندم کی فراہمی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے 3 لاکھ ٹن اور آزاد کشمیر نے 80 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :