17 ستمبر ، 2012
لاہور…لاہور میں موسلادھاربارش کے بعدمختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کی زندگی دشوار ہوگئی جبکہ شہر کی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ادھر ڈی سی او لاہور کا کہنا ہے کہ شمالی لاہور،گلبرگ،شادمان،لکشمی چوک سے پانی نکالاجارہاہے،کینال روڈانڈرپاسزمیں بھی پانی جمع ہے،شہر میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے،نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے،جبکہ شہر کے 80فیڈر بند ہونے سے اکثر علاقوں میں اندھیرا ہوگیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کمشنر لاہور اور ڈی سی اواورواسا کو فوری طور پر پانی کی نکاسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ بارش کاسلسلہ رات بھرجاری رہنے کاامکان ہے۔لوگ بلاوجہ گھروں سے نہ نکلیں،پانی میں گاڑیاں بندہوسکتی ہیں،شہری گھروں میں رہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے منتخب نمائندوں کو نکاسی آب کی نگرانی کرنیکی ہدایت کی ہے،شدید بارش اور بجلی کی عدم فراہمی سے اسپتالوں میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں شام 5 بجے سے دس بجے تک زیادہ سے زیادہ 74 ملی میٹر بارش رکارڈکی گئی ہے۔ دریں اثناء چمن،موسیٰ خیل اور زمری میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے،ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث ڈی جی خان ،لورلارائی کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔