18 ستمبر ، 2012
ویانا…ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ یوکیا امانو نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے اس کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے نامناسب تعاون کے باوجود ادارہ اس مسئلے کے حل کیلئے ایران سے بات چیت جاری رکھے گا۔ پیر کو ادارے کی جنرل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوکیا امانو نے کہا کہ ادارے نے ایران کے ساتھ اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے اور مجھے امید ہے کہ جلد ہی ایران کے ساتھ کوئی حتمی معاہدہ طے پا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ماسکو میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے تھے۔