26 دسمبر ، 2020
یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کو یورپ اور برطانیہ کیلئے پروازوں کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
شہری ہوابازی کے یورپی ادارے ایاسا نے پی آئی اے کے خط کا جواب دے دیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے پر عائد پابندی کی خاتمے کی آخری امید بھی ختم ہوگئی ہے۔
یورپی ادارے کی جانب سے پی آئی اے کے آڈٹ سے مطمئن ہونے کے بعد سی ای او پی آئی اے کی جانب سے خط لکھا گیا تھا، سی ای او نے پی آئی اے کو سول ایوی ایشن سے غیر منسلک کرکے آزادانہ آڈٹ کرنے اور آڈٹ کلیئر ہونے تک عبوری اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔
خط کے جواب میں ایاسا نے سی اے اے کے سیفٹی آڈٹ کے بغیر پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت سے انکار کر دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے معاملات کی درستگی کا جلد امکان نہیں ہے اور یورپ اور برطانیہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔
پی آئی اے انتظامیہ نے ایاسا کا جواب موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی پائلٹوں کے جعلی لائسنسوں سے متعلق وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد یورپی یونین نے یکم جولائی سے 6 ماہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی لیکن اب بروقت اقدامات نہ کیے جانے پر یہ پابندی غیرمعینہ مدت تک برقرار رہے گی۔