28 دسمبر ، 2020
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مین لائن (ایم ایل) ون منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر ریلوے اعظم سواتی، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، سیکرٹری ریلوے، اقتصادی امور، خزانہ، منصوبہ بندی ڈویژن اور سینیئر افسران شریک ہوئے۔
وزیراعظم کو ایم ایل ون منصوبے اور موجودہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے منصوبے پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو پاک چین دوستی کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ ملکی صنعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، اس منصوبے سے پاکستانی بندرگاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سی پیک منصوبوں میں ایم ایل ون سب سے خطیر لاگت کا منصوبہ ہے جس سے پاک چین تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا،۔
وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو پاکستان ریلوے کی طرف سے ایم ایل ون منصوبے کے انٹیگریشن پلان کے حوالے سے آگاہ کیا۔