29 دسمبر ، 2020
آسٹریلوی فاسٹ بولر ایرون سمرز نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے اور وہ سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔
ایرون سمرز پاکستان کپ میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کریں گے اور وہ پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے پہلے آسٹریلوی کرکٹر ہیں۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں پہلے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایرون سمرز نے کہا کہ لاہور آکر ٹریننگ کیلئے پرجوش ہوں اور پاکستان کی مختلف کنڈیشنز میں کھیل کر سیکھنے کی کوشش کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اِس وقت آسٹریلیا میں بھی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن جاری ہے اور یہاں بھی کرکٹ ہو رہی ہے، کوچز سے کارکردگی کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔
آسٹریلوی بولر نے کہا کہ مجھے مزید آگے بڑھنا اور سیکھنا ہے جس کیلئے مجھے کوچز نے کہا کہ نئی اسکلز سیکھوں اور اس کیلئے مختلف جگہ پر جاؤں، مختلف کنڈیشنز میں میں جا کر کھیلوں اور سیکھوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا یہاں آنے کا مقصد یہی ہے کہ میں سیکھوں اور پھرڈومیسٹک کرکٹ اور بی بی ایل کھیلوں، میں کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ کھیل کر زیادہ سے زیادہ سیکھوں گا۔
ایرون سمرز نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ میں میرے آل ٹائم فیورٹ فاسٹ بولر شعیب اختر ہیں، بریٹ لی اور شعیب اختر کی تیز بولنگ کو دیکھ کر ہمیشہ اچھا لگا۔
سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے کہا کہ ایرون سمرز میں بہت پوٹینشل ہے، ان کے پاس اسپیڈ بھی ہے اور اسکلز بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی بولر کو پہلے سیشن میں سوئنگ کے بارے میں بتایا ہے اور وہ سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب سدرن پنجاب نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ایک ہفتے کے ٹریننگ کیمپ کا اہتمام کیا ہے۔
ایرون سمرز 5 جنوری کو کراچی میں سدرن پنجاب کو جوائن کریں گے جہاں پاکستان کپ 8 جنوری سے شروع ہو گا۔