11 فروری ، 2012
اسلام آباد… سابق وزیراعلی سندھ کو مسلم لیگ قاف کے ہم خیال گروپ کا نیا مرکزی صدر منتخب کرلیاگیا ہے، ہم خیال گروپ نے ملک میں فوری عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے امریکی کانگریس کمیٹی میں بلوچستان صورتحال پر غور کی شدید مذمت کی ہے ۔ مسلم لیگ ہم خیال کے مرکزی عہدے داروں کی تین سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد نئے پارٹی الیکشن کیلئے اسکی جنرل کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، سبک دوش ہونے والے پارٹی صدر سلیم سیف اللہ نے ارباب غلام رحیم کی بلامقابلہ کامیابی کا اعلان کیا، سلیم سیف اللہ کو پارٹی کی اسٹیرنگ کمیٹی کا چیئرمین بھی منتخب کیا گیا جبکہ حامد ناصرچٹھہ کودوبارہ چیئرمین، ہمایوں اختر کو سیکرٹری جنرل اور کشمالہ طارق کو سیکریٹری اطلاعات منتخب کیاگیا، اجلاس میں کئی قراردادیں منظور کی گئیں ،ان میں مطالبہ کیا گیاکہ مہنگائی اور کرپشن ختم کی جائے، حکومت اداروں میں ٹکراوٴ سے اجتناب کرے، ارباب غلام رحیم کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایاجائے، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے فوری غیرجانب درانہ انتخابات کرائے جائیں،جنرل کونسل نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف قرارداد بھی منظور کی، ایک قرارداد میں کہاگیاہے کہ امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی نے بلوچستان کی صورتحال پر بات کرکے قابل مذمت اقدام کیا، حکومت پاکستان اسکے خلاف آواز اٹھائے۔