Time 14 جنوری ، 2021
پاکستان

کرک میں مندر جلانےکے واقعے میں غفلت برتنے پر 12 پولیس اہلکار نوکری سے فارغ

کرک میں مندر جلانے کے واقعے میں غفلت برتنے پر 12 پولیس اہلکار نوکری سے فارغ کردیے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کرک کے مطابق یہ پولیس اہلکار مندر کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے۔

ڈی پی او کے مطابق انکوائری رپورٹ میں واقعے کے وقت پولیس اہلکاروں کی بزدلی، غیرذمہ داری اور غفلت ثابت ہوئی ہے۔

ملازمت سے ہاتھ دھونے والوں میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر(ایس ایچ او) تھانہ ٹیری اور اے ایس آئی تھانہ بانڈہ بھی نوکری سے فارغ ہونے والوں میں شامل ہیں۔

ڈی پی او کرک نے مزید 33 پولیس اہلکاروں کو ایک سال کی معطلی کی سزا دینےکا بھی حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے کرک میں 30 دسمبر کو ہجوم نے مندر جلا دیا تھا جس پر  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

واقعے پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے بھی نوٹس لیتے ہوئے  آئی جی اور سیکریٹری خیبر پختونخوا سے جواب طلب کیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث 350 سے زائد افراد کے خلاف مندر جلانے اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کرکے متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں :