کے پی میں پولیس افسران کا مال مقدمہ اورنان کسٹم پیڈ گاڑیاں استعمال کرنے کا انکشاف

1600 گاڑیاں پولیس افسران اور پرائیویٹ لوگوں سے واپس لے کر محکمہ کسٹمز کے حوالے کردی ہیں: آئی جی خیبرپختونخوا— فوٹو:فائل 

خیبرپختونخوا میں پولیس افسران کا مال مقدمہ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیاں استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا میں پولیس افسران مال مقدمہ اورنان کسٹم پیڈ گاڑیاں طویل عرصے تک غیر قانونی طور پر استعمال کرتے رہے اور بیشتر پولیس افسران نے گاڑیاں ذاتی طورپر استعمال کیں۔

محکمہ پولیس نے سینئیر افسران کے خلاف کارروائی کیلئے محکمہ داخلہ کو خط لکھا ہے جس کے مطابق پولیس کے سینیئر افسران بھی غیر قانونی طور پر گاڑیاں استعمال کرتے رہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کارروائی کرکے گاڑیاں محکمہ کسٹمز اور ایکسائز کے حوالے کرنی چاہیے تھیں تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔

خط میں متعلقہ سینیئر پولیس افسران کے خلاف کارروائی کہا گیا ہے۔

صوبے بھر میں پولیس افسران کے زیر استعمال غیرقانونی گاڑیوں کا ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے اور پولیس افسران سے گاڑیاں واپس لے کر محکمہ کسٹمز اور ایکسائز کے حوالے کردی گئی ہیں۔

اس حوالے سے انسپکٹرجنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ پولیس افسران اور پرائیویٹ لوگ غیر قانونی طور پر گاڑیاں استعمال کررہے تھے، 1600 گاڑیاں واپس لے کر محکمہ کسٹمز کے حوالے کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نچلی سطح کے افسران کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ پولیس میں اندرونی احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

مزید خبریں :